گزشتہ روز برین ٹیومر کے باعث اچانک انتقال کرجانے والے نوجوان موسیقار فرہاد ہمایوں جلد گلوکار عاطف اسلم کے ہمراہ ایک مشترکہ میوزک ترتیب دینے والے تھے۔
فرہاد ہمایوں کی اچانک موت کی خبر نے عاطف اسلم کو بھی غمزدہ کردیا، انہوں نے فرہاد ہمایوں کیلئے جاری کردہ خصوصی پیغام میں کہا کہ ’ہمیں بہترین میوزک، خوشگوار یادوں اور میرے پہلے البم کیلئے تمہارے کام کا بے حد شکریہ۔‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ میں ہمارے مشترکہ پراجیکٹ کیلئے بہت پرجوش تھا، اسکے لیرکس بھی میں مکمل کرچکا ہوں، لیکن کسے خبر تھی کہ ہم یہ کام ساتھ نہیں کرسکیں گے۔
عاطف اسلم نے لکھا کہ فرہاد کا جراتمندانہ حوصلہ اور ہمت ہمیشہ ہمیں یاد رہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک اسٹوڈیو میں ڈرمر کے فرائض سرانجام دینے والے فرہاد ہمایوں گزشتہ روز انتقال کرگئے تھے۔
اہل خانہ کے مطابق فرہاد ہمایوں دماغ کے سرطان میں مبتلا تھے، فرہاد ہمایوں کے والد شہزاد ہمایوں معروف کمنٹیٹر تھے اور والدہ نوید شہزاد معروف اداکارہ اور ڈائریکٹر ہیں۔