• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافی کے 2 قاتل گرفتار کر لیئے، 1 ملزم پڑوسی ملک میں ہے: DIG کوئٹہ

ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظہر اکرم نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ، نان کسٹم پیڈ، کالی شیشے والی گاڑیوں، غیر قانونی رکشوں کے خلا ف کارروائی جاری ہے جبکہ صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا کے نمائندوں سے با ت چیت کرتے ہوئے کہی۔

اظہر اکرم کا کہناتھا کہ کوئٹہ میں ہوائی فائر نگ کے 7 واقعات میں ایف آئی آر درج کی گئی، جبکہ حالیہ دنوں میں 3 ہزار 408 گاڑیوں کے کالے شیشے اتارے گئے اور 1 ہزار 609 گاڑیوں کا کالے شیشے رکھنے پر چالان کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ چالان کی مد میں 6 لاکھ روپے سے زائد کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی، 115 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی پکڑی گئیں جبکہ لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمات بھی درج کیئے گئے۔


ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ غیر قانونی رکشوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے، 44 غیر قانونی رکشے قبضے میں لیئے گئے، اس کےعلاوہ گاڑی چوری میں ملوث ایک گینگ کو بھی پکڑا گیا ہے۔

ایک سوال کےجواب میں ان کا کہنا تھا کہ صحافی واحد رئیسانی کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرا ملزم ایک پڑوسی ملک میں ہے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے یہ بھی کہا کہ پولیس سماج دشمن عناص کے خلاف کسی بھی کارروائی سے دریغ نہیں کرے گی، سب سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

تازہ ترین