مرکزی اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو اصولی اور اخلاقی طور پر پی ڈی ایم کا نام استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
انھوں نے مریم نواز کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے بغیر پی ڈی ایم کا وجود سوالیہ نشان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں عمران خان کو شکست دی جبکہ مریم نواز کی سیاست نے عمران نیازی حکومت کو سہارا دیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو مسلم لیگ (ن) نے اپنی ذیلی تنظیم تصور کیا۔
شازیہ مری نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی موجودہ نالائق حکومت کو من مانی کرنے نہیں دیگی جبکہ قومی اسمبلی میں عمران نیازی اکثریت کھو چکے ہیں۔
مرکزی اطلاعات سیکریٹری پی پی پی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کو تعاون کی پیشکش کی ہے اور امید ہے کہ نیازی حکومت کو گرانے کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر ہمارا ساتھ دینگے۔