• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا پابندیاں تقریباً ختم، ہفتے میں کاروبار ایک دن بند ہوگا، دفاتر میں سو فیصد حاضری کی اجازت، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی بھی ہٹ گئی

کورونا پابندیاں تقریباً ختم، ہفتے میں کاروبار ایک دن بند ہوگا


اسلام آباد، کراچی (نیوزایجنسیاں، اسٹاف رپورٹر) ملک میں کورونا وباء کی صورتحال بہتری کے بعد پابندیاں تقریباً ختم کر دی گئیں ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کاروبار دوکی بجائے ایک دن بندکرنے کافیصلہ کیا ہے، تاہم ہفتہ وار چھٹی کے دن کا فیصلہ صوبے خود کرینگے۔

دفاتر میں100 فیصد حاضری کی اجازت دیدی گئی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پردوروزکی بندش بھی ہٹادی گئی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ میں 70 فیصد مسافر بٹھانے کی اجازت ہوگی، کھیلوں کی سرگرمیاں جزوی بحال کردی گئی ہے، غیررابطہ والے کھیلوں کی اجازت ہوگی۔

ان ڈورجمزمیں صرف ویکسین لگانے والے افراد جاسکیں گے، کراٹے، باکسنگ، کبڈی، ریسلنگ پر پابندی برقرار ہوگی، ثقافتی تقریبات، مزار اور سنیما بدستور بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، سرکاری و نجی ملازمین کو 30جون تک ویکسین لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ خطرہ ابھی باقی عوام اختیاط کریں، 18 سال سے بڑے افراد کی ویکسی نیشن کل سے شروع ہوگی،ایک کروڑ کو ویکسین لگ گئی ہے دسمبر تک 7 کروڑ کا ہدف پورا کرلینگے، عوام جلد ویکسی نیشن کرائیں تاکہ بندشیں ختم کی جاسکیں۔

این سی او سی کے اعداد شمار کے مطابق کورونا کے پھیلائو میں کمی آئی ہے، گزشتہ 24؍ گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے مزید 77افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 1 ہزار 118 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح2.54فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، سندھ میں مہلک وائرس نے 19؍ افراد کی جان لے لی، جبکہ 628نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر برائے تدارک کورونا (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں کاروباری پابندیاں نرم کرنے کا اعلان کیا گیا۔این سی او سی کے اجلاس میں ملک بھر میں ماس ویکسی نیشن مہم کیلئے سہ جہتی حکمت عملی طے کی گئی، تمام شہریوں کی رضا کارانہ طور پر ویکسی نیشن کی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ 

این سی او سی اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو 30 جون تک ویکسین لگوانا ہوگی۔ 

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ویکسی نیشن مراکز 11 جون سے صبح 8 سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، جمعہ کو ویکسی نیشن مراکز کھلے رہیں گے البتہ اتوار کو بند رہیں گے۔ این سی او سی کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے واک ان ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

11جون سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد واک ان (یعنی کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر پر جاکر) ویکسی نیشن کروا سکیں گے۔ این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب کاروبار ہفتے میں دو دن کے بجائے ایک دن بند ہوگا، کس دن کاروبار بند رکھنا ہے اس کا فیصلہ صوبے کرینگے۔ 

این سی او سی نے 50 فیصد ورک فرام ہوم کی پالیسی میں بھی نرمی کردی اب دفاترمیں 100 فیصد حاضری کے ساتھ کام جاری رکھا جاسکے گا۔این سی او سی نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر دو روز کی بندش ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ میں 50فیصد مسافروں کی پابندی میں نرمی کردی گئی، پبلک ٹرانسپورٹ میں اب 70 فیصد مسافر بٹھانے کی اجازت ہوگی۔

این سی او سی کے مطابق مزارات اور سینما گھر بدستور بند رہیں گے، صرف مخصوص نان کنٹیکٹ کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی، کراٹے، باکسنگ، مکس مارشل آرٹ، رگبی، کبڈی ، ریسلنگ پر پابندی برقرار رہے گی، فیسٹولز، ثقافتی اور دوسری ایسی تقریبات پر پابندی برقرار رہے گی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا طریقہ کار جون کے آخر تک تشکیل دیدیا جائیگا۔ این سی او سی کے ان فیصلوں پر عملدرآمد 15جون سے ہوگا۔ 

دوسری طرف ملک میں کورونا سے اموات میں اچانک اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 77 کورونا مریض انتقال کر گئے۔ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13972 نمونوں کی جانچ کی گئی جسکے نتیجے میں 628 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔جبکہ 19 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 5183 ہوگئی ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں 325093 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔جن میں سے مجموعی طور پر 296821 ہوچکے ہیں۔ اس وقت 23717 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 725 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 69 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 628 نئے کیسز میں سے 317 کا تعلق کراچی سے ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 1 ہزار 118 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 77 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 2 ہزار 244 مریض شفایاب ہو ئے ، مثبت کیسز آنے کی شرح ڈھائی فیصد رہی۔

ملک بھر میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 453 ہو گئی ہے جبکہ کْل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 36 ہزار 131 ہو چکی ہے۔اہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کْل 44 ہزار 987 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 24 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، کْل 8 لاکھ 69 ہزار 691 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 43 ہزار 900 ٹیسٹ کیئے گئے ۔پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 52 ہزار 964 افراد کو ویکسین دی گئی، اب تک کْل 95 لاکھ 59 ہزار 910 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

تازہ ترین