• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دسویں پیشی پر بھی نتیجہ صفر ہے، سلیم مانڈوی والا

سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ آج دسویں پیشی ہے ہم عدالت آ رہے ہیں لیکن نتیجہ صفر ہے، نیب کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آج بھی تاریخ دی گئی ہے، کچھ افراد عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔

سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ نیب کی کارروائی لوگوں کو عدالت میں بلاکر خراب کرنا ہے، نیب صرف پلی بارگین کے لئے ہے، کچھ ثابت نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ میں صرف اپنے کیس کی بات نہیں کر رہا، لوگوں کو بلاکر ہراساں کیا گیا، نیب سے متعلق تمام شکایات پارلیمان میں اٹھائیں گے۔

سلیم مانڈوی والانے ایک بار پھر کہا کہ چیئرمین نیب بتائیں کہ وہ کس کے دباؤ میں ہیں، چیئرمین نیب پارلیمان آکر آگاہ کریں ، وہ شاید پارلیمنٹ آنا نہیں چاہتے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان نے کل جو کیا وہ پہلے بھی ایسا کرتی رہی ہیں، شاہد خاقان عباسی نے بھی پارلیمنٹ میں جو کیا تھا ان سے امید نہیں تھی۔

ایک سوال کے جواب میں سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ مریم نواز اور نون لیگ کا اگر پیپلز پارٹی سے لو افیئر تھا تو ان کا تھا ہمارا نہیں، پیپلزپارٹی کے ساتھ لو افیئر انہوں نے ہی شروع کیا تھا ہم نے نہیں کیا تھا۔

واضح رہے کہ کڈنی ہل ریفرنس میں رہنما پیپلزپارٹی سلیم مانڈوی والا سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی 23 جون تک مؤخر کردی گئی۔

تازہ ترین