• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم میں ویکسین کورس کی تکمیل کے بعد انتہائی معمولی تعداد کورونا کا شکار ہوئی

بیلجیئم میں ویکسین کورس مکمل کرنے کے بعد صرف 0.32 فیصد افراد کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔ یہ بات بیلجئین ہیلتھ منسٹری کے ذمہ دار ادارے سائنسانو کی جانب سے جاری کردہ تازہ تحقیق میں بتائی گئی ہے۔

سائنسانو کے مطابق جب سے بیلجیئم میں ویکسین لگنے کا عمل شروع ہوا ہے، تب سے سائنسانو نیشنل ہیلتھ انسٹیٹیوٹ ڈیٹا بیس کی بنیاد پر سامنے آنے والے' بریک تھرو انفیکشن' یعنی پی سی آر ٹیسٹ والے مثبت کیسسز پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

اس کے ساتھ ایک اور بات اہم تھی کہ اس بریک تھرو انفیکشن کے دوران دو تہائی افراد میں کوئی کورونا وائرس کی کوئی علامات نظر نہیں آئیں۔ جس سے ویکسین لگوانے کے عمل کے مثبت اثرات کا مزید اندازہ کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 31 مئی تک بیلجیئم میں 2 ملین افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگ چکی تھی جبکہ 14 لاکھ افراد کو دونوں خوراکیں مل چکی ہیں۔

سائنسانو کے وائرالوجسٹ اور کوویڈ-19 پر معلومات فراہم کرنے پر مامور وفاقی ترجمان اسٹیون فانگخت کے مطابق ان 14 لاکھ مکمل ویکسنیشن والے افراد میں سے صرف 4526 افراد میں بریک تھرو انفیکشن پیدا ہوا ۔ جو کہ انتہائی معمولی تعداد 0.32  فیصد بنتی ہے۔

دوسی جانب وائرالوجسٹ کے مطابق گو کہ یہ بہت کم تعداد ہے لیکن یہ اس بات کی واضح شہادت بھی ہے کہ مکمل ویکسین لگوانے والے افراد کو دوبارہ بھی کورونا ہو سکتا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ اہم بات یہ رہی کہ ان میں کورونا سے پیدا ہونے والے علامات نہیں پائے گئے۔ وائرالوجسٹ کا کہنا ہے کہ سائنسانو اس حوالے سے اپنی تحقیق جاری رکھے ہوئے ہے۔

تازہ ترین