• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی، قرض، کم ٹیکس وصولی حکومتی جرائم ہیں: شہباز شریف


مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مہنگائی، قرض میں اضافہ اور کم ٹیکس وصولی حکومتی جرائم ہیں۔

اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے خطاب کیا جس کے دوران انہوں نے ٹرین حادثے سے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ ‎آج ملک ایک بار پھر انتہائی برے حالات سے دوچار ہے، ‎ایک طرف معاشی بربادی ہے، تو دوسری طرف بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ‎شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ میں بچے بے ہوش ہو رہے ہیں، جس کی حکومت کو پرواہ نہیں ہے، ‎حکومت کو عوام کی بدحالی اور مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ‎اقتصادی سروے حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، اس سے صرف مایوسی اور ناکامی ہی نکلی، ‎کھانے پینے کی اشیاء میں 13 فیصد سے زیادہ مہنگائی، قرض میں اضافہ، کم ٹیکس وصولی حکومتی جرائم ہیں۔

مسلم لیگ نون کے صدر نے مزید کہا کہ بجلی سمیت ہر چیز مہنگی کرنے کے بعد بھی حکومت کشکول اٹھائے پھر رہی ہے، دوائی، علاج، خوراک اور روزگار سب چھین لیا گیا پھر بھی حکومت کا رونا جاری ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ اکنامک سروے حکمرانوں کی 3 سال کی کارکردگی کا بدنما آئینہ ہے، ان 3 سال میں عوام کو بھوک، افلاس اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں ملا۔

تازہ ترین