کراچی/ ابوظبی (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) پی ایس ایل 6 کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بپھرے شیر کی طرح حملہ کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چیر پھاڑ دیا۔ سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم دس وکٹوں سے شکست کھاگئی۔ اسلام نے ہدف صرف 10 اوورز میں حاصل کرلیا۔ یکطرفہ میچ کے بعد کوئٹہ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا اور اس کے لئے اگلے رائونڈ میں رسائی بہت زیادہ مشکل ہوگئی ہے۔ فاتح اسلام آباد نے مقررہ ہدف دس اوورز میں بغیر کسی نقصان کے137 رنز بناکر حاصل کرلیا۔ یہ سپر لیگ کی تیز ترین سنچری شراکت ہے۔ کولن منرو نے 36گیندوں پر بارہ چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے90جبکہ عثمان خواجہ نے 27گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چوکوں اور ایک چھکے سے41رنز بنائے۔ کوئٹہ کے بولرز سر توڑ کوشش کے باوجود کوئی وکٹ نہ لے سکے ان کی فیلڈنگ بھی اچھی نہیں رہی۔ قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر سرفراز احمد الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ یونائیٹڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ انجرڈ فہیم اشرف کی جگہ عاکف جاوید اور فواد احمد کی جگہ فاسٹ بولر محمد موسیٰ کو شامل کیا گیا۔ کوئٹہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، جیک ویدرالڈ 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی، عثمان خان 14 اور فاف ڈوپلیسی 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان سرفراز احمد صرف 2 رنز پر محمد موسیٰ کا شکار بنے، اعظم خان 26 رنز حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے، جارح بیٹسمین آندرے رسل 13 رنز بناسکے۔ محمد نواز کو محمد وسیم نے 4 رنز پر بولڈ کیا، جیک ولڈر متھ 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ یونائیٹڈ کے محمد وسیم، محمد موسیٰ اور حسن علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان اور عاکف جاوید ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ شاداب خان کا کہنا تھا کہ اوس کی وجہ سے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ہماری ٹیم کی بولنگ اچھی ہے۔