سکھر (بیورورپورٹ ) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کے فرزند رکن صوبائی اسمبلی سید فرخ شاہ کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل سیشن جج سکھر کی عدالت نے خورشید شاہ کے فرزند ایم پی اے سید فرخ شاہ کو نیب کے سامنے گرفتاری دینے کا حکم دیدیا، جسکے بعد نیب ٹیم نے سیشن کورٹ سے فرخ شاہ کو حراست میں لیکر نیب سکھر کے دفتر منتقل کردیا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات پر سید خورشید شاہ کے فرزند سید فرخ شاہ نے تھرڈ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی عدالت کے سامنے گرفتاری دی اور استدعا کی کہ انہیں پرائز بانڈ مچلکوں کے عیوض رہا کیا جائے یا پھر جیل کسٹڈی کیا جائے۔ اس موقع پر عدالت نے نیب پروسیکیوٹر اور ٹیم کو طلب کرلیا اور دونوں فریقین کے وکلا کے دلائل سنے، نیب نے فرخ شاہ کی گرفتاری کی استدعا کی اور دلائل دیئے کہ سپریم کورٹ نے فرخ شاہ کو نیب کے سامنے سرینڈر کرنے کا کہا تھا نا کہ عدالت کے سامنے جبکہ ملزم نے پہلے روز سے ان کے ساتھ تعاون نہیں کیا ہے اس لئے انہیں گرفتاری کی اجازت دی جائے۔