• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھینے گئے 70لاکھ روپےبرآمدگی کے بعد مالک کے حوالے

راولپنڈی (سٹااف رپورٹر) سنگاپورپلازہ کے تاجرسے چھینی گئی رقم 70 لاکھ روپے سی پی او آفس راولپنڈی میں مدعی مقدمہ کے حوالے کردی گئی ۔سی پی او محمد احسن یونس اور ایس پی پوٹھوہار تصور اقبال کی موجودگی میں ایس ایچ او کینٹ اعزاز عظیم نے برآمد کی گئی رقم قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کی،تاجروں نے پولیس کی کارکردگی پر سی پی اومحمد احسن یونس اور راولپنڈی پولیس کوخراج تحسین پیش کیا۔ جمعرات کی رات ملزمان سنگاپور پلازہ کے قریب تاجر سے 70 لاکھ سے زائد رقم چھین کر فرار ہو گئے تھے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او محمد احسن یونس سینئر افسران کے ساتھ موقع پر پہنچے، ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کے لئے ماہر تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں،سی پی او سمیت سینئر پولیس افسران تفتیش کی نگرانی کرتے رہے،کینٹ پولیس نے 24 گھنٹے کے اندر2 ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا اور 70 لاکھ روپے برآمد کر لیے،واردات کے دوران استعمال ہونے والا موٹرسائیکل اور اسلحہ بھی برآمدکرلیاگیا ۔پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے جیل بھجوایا جائے گا۔سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس نے 24 گھنٹے سے قلیل وقت میں ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ رقم کی برآمدگی پرایس پی پوٹھوہاراور کینٹ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے،ہم شہر کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو۔
تازہ ترین