• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 9 سال بیت گئے


40 سال تک دنیائے موسیقی پر راج کرنے والے شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 9 برس بیت گئے۔

شہنشاہ غزل مہدی حسن کی آج 9ويں برسی منائی جارہی ہے، ہزاروں گیتوں اور غزلوں کو دوام بخشنے والے مہدی حسن فن گائیکی کے استاد اور شہنشاہ غزل 1927ء میں بھارتی ریاست راجستھان لونا میں پیدا ہوئے۔

مہدی حسن نے 1935ءمیں صرف 8 برس کی عمر میں ریڈیو سے فن گائیکی کا آغاز کیا، انہوں نے 25 ہزار سے زائد فلمی گیت اور غزلیں کچھ اس انداز میں پیش کیں کہ ہرگیت امر ہو گیا، ان کے گاٸے گيت اور غزليں آج بھی کانوں ميں رس گھولتے ہیں۔

شہنشاہ غزل تقسیم ہند کے بعد پاکستان آئے،  1962ء میں فلم فرنگی میں ان کی گائی غزل ’گلوں میں رنگ بھرے‘ نے شہرت کی بلندی پر پہنچا دیا۔

شہنشاہ غزل مہدی حسن کی دنیا مداح تھی، حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز، ہلال امتیاز، نشان امتیاز اور پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا جبکہ بھارت نے کے ایل سہگل ایوارڈ اور نیپال نے گورکھا دکشنا باہو ایوارڈ بھی ان کو دیئے۔

مہدی حسن نے 1999ء میں سانس کی تکلیف کے باعث گانا ترک کر دیا، 12 برس تک علالت کا شکار رہے اور پھر 13 جون 2012ء کو یہ لازوال آواز موت کی وادیوں میں کھو گئی لیکن شہنشاہ غزل مہدی حسن آج بھی اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔

تازہ ترین