• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہل حکومت نے حقیقت میں عوام کی چیخیں نکلوا دیں: مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان مشیرِ قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے جو ملک اور عوام کی حالت کی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، آپ کی نااہل حکومت نے حقیقت میں عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر پی پی رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی محبِ وطن جماعت ہے جس نے ملک اور جمہوریت کے لیے اپنی قیادت کی قربانیاں تک دیں ہیں، فواد چوہدری حب الوطنی کا درس کسی اور کو دیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کے لیے سلیکٹیڈ حکومت کی منافقانہ اور غیر منصفانہ پالیسیاں یہاں کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں، این ایف سی ایوارڈ ہو یا سندھ کے پانی کا معاملہ، ہمیشہ سندھ کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے، سندھ کا مقدمہ پارٹی قیادت کی سربراہی میں سید مراد علی شاہ اچھی طرح لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے جیالے سندھ کا مقدمہ لڑنا خوب جانتے ہیں، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خلاف بات کر کے فواد چوہدری کی نوکری پکی نہیں ہونی، آپ کی نااہل حکومت جھوٹ اور یوٹرن کے سہارے کھڑی ہے جو بہت جلد عوام کے غیض و غضب کا شکار ہوگی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ کا پانی کسی اور نے نہیں بلکہ وفاق اور پنجاب نے روکا جس کی وجہ سے سندھ میں بدین، ٹھٹھہ، عمر کوٹ، جامشورو، گھارو اور دیگر علاقوں کی زمینیں بنجر کر دی گئیں، لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں آپ کی نااہل حکومت کی غیر منصفانہ پالیسیوں کی بھینٹ چڑھائی گئیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ  نفرت کی سیاست کر کے شیرو بریگیڈ ملکی عوام کو تقسیم کر رہی ہے، فواد چوہدری کو لوٹائے اعظم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، جناب نے ملک کی کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جس کی کرائے کی ترجمانی نہ کی ہو، فواد چوہدری کو درباری کا کردار ادا کرتے دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری، اسد عمر اور فردوس عاشق اعوان سے مقابلہ جیتنے کی فکر میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے سندھ کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید