• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف، افتخار کی شاندار بیٹنگ کی بدولت یونائیٹڈ کا قلندرز کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 20ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے خسارے کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 153 رنز کا ہدف دے دیا۔

ابوظبی میں کھیلے جارہے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

گزشتہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹوں سے شکست دینے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ابتدائی 5 بلے باز 20 کے مجموعے پر ہی پویلین لوٹ گئے۔ 

قلندرز کے جیمز فالکنر نے ایک مرتبہ پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 

اس کے بعد یونائیٹڈ کے آصف علی کے آگے کسی کی نہ چلی اور انھوں نے کسی بھی بولر کو خاطر میں لائے بغیر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 بلند و بالا چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

دوسرے اینڈ پر موجود افتخار احمد نے بھی ان کا شاندار ساتھ نبھایا اور دونوں نے چھٹی وکٹ پر ٹیم کے لیے 123 رنز جوڑے۔ 

افتخار احمد نے 49 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ یونائیٹڈ کی جانب سے کسی کھلاڑی نے خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔

جیمز فالکنر کے علاوہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے حصے میں بھی دو دو وکٹیں آئیں۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل جب دونوں ٹیمیں مدِ مقابل آئیں تو لاہور قلندرز نے میدان مار لیا تھا۔

تازہ ترین