• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ساہیوال کا قلفی فروش اپنے منفرد اسٹائل اور گائیکی سے سب کی توجہ حاصل کرنے لگا۔

چشتیہ کالونی کے سلیم عرف بگا کی آواز کا جادو ایسا چلا کہ ان کی آواز ساہیوال کی گلیوں سے نکل کر میڈیا کے ذریعے ملک بھر میں پھیل گئی۔

جی ہاں! آپ نے گلیوں میں پھیری لگا کر کھانے پینے کی چیزیں بیچنے والے بہت سے دیکھے ہوں گے، لیکن آج ہم آپ کو ساہیوال کے ایک ایسے قلفی فروش سے ملوارہے ہیں جو سُریلے انداز میں قلفی بیچتے ہیں۔

یہ کوئی پیشہ ور گائیک نہیں، بلکہ ساہیوال کی چشتیہ کالونی کے قلفی فروش سلیم عرف بگا ہیں۔

35 سال پہلے اپنے والد کے ساتھ قلفیاں بیچنے گلیوں میں نکلے، پھر سلیم عرف بگا نے7 سروں کے دھارے پر قلفیاں بیچنے کی ٹھانی۔

جیسے ہی سلیم اپنے مخصوص انداز میں قلفی بیچنے کے لیے سروں کو چھیڑتے ہیں تو لوگ ان کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔

لوگ نا صرف سلیم کی کھوئے ملائی والی قلفیوں کے شوقین ہیں بلکہ ان کی گائیکی کے بھی دیوانے ہیں۔

قدرت نے سلیم عرف بگا کو آواز بھی کیا ہی خوبصورت عطا کی، وہ دوستوں کی محفلوں میں فرمائش پر گانے بھی سناتے ہیں۔

سلیم عرف بگا موسیقی کا کوئی سبق پڑھے بغیر سروں کا ایسا تال میل چھیڑتے ہیں کہ سننے والے عش عش کر اٹھتے ہیں۔

سلیم عرف بگا کہتے ہیں کہ لوگوں کو ان کا سریلا انداز پسند ہے، انہوں نے تو اپنے والد کے کام کو ہی آگے بڑھایا مگر بچے زندگی میں کچھ اور کرنا چاہتے ہیں۔

سلیم عرف بگا کا دل کو موہ لینے والا انداز نا صرف بڑوں بلکہ بچوں کو بھی بےحد پسند ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین