• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق سازش کررہا ہے، ناصر شاہ


کراچی(ایجنسیاں)وزیراطلاعات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے کہاکہ وفاق وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف سازشیں کررہاہے ‘ہمیں سب معلوم ہے جبکہ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹرمرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خلاف بات کرکے فواد چودھری کی نوکری پکی نہیں ہونی۔

وزیرتعلیم سندھ سعیدغنی کہتے ہیں کہ ان کو وزیر اعلیٰ سندھ اس لئے پسند نہیں کہ وہ آئین وقانون کی بات کرتاہے ‘ہمیں پی ٹی آئی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ‘صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ آرٹیکل 140 کی بات کرنے والے یہ بھی بتائیں کہ پنجاب کے تمام بلدیاتی اداروں کو آئین کے کس آرٹیکل کے تحت توڑا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ فواد چودھری سندھ کی نگرانی کے خواب دیکھنا بند کریں، وفاقی وزیر اطلاعات سندھ حکومت سے این ایف سی کے تحت دیئے گئے فنڈز کا حساب لینے کا حق نہیں رکھتے۔ 

وفاقی حکومت نے جو غیرقانونی فنڈز اپنے سندھ کے ایم پی ایز کو دیئے ہیں انکا حساب دیں۔ فواد چوہدری زرداری فیملی کے خلاف بیان بازی کرکے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی کوشش اور نوکری پکی کر رہے ہیں۔

دریں اثناءترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے جو ملک اور عوام کی حالت کی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، این ایف سی ایوارڈ ہو یا سندھ کے پانی کا معاملہ، ہمیشہ سندھ کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے ‘ آپ کی نااہل حکومت جھوٹ اور یوٹرن کے سہارے کھڑی ہے جو بہر جلد عوام کے غیض و غضب کا شکار ہوگی۔

فواد چودھری کو لوٹائے اعظم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا جناب نے ملک کی کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جسکی کرائے کی ترجمانی نہ کی ہو۔علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہاہے کہ فواد چوہدری عجیب مخلوق ہیں۔ پی ٹی آئی کے پنجاب اور کے پی کے دو وزراء اعلیٰ اور خود وزیر اعظم آئین اور قانون سے فارغ ہیں۔

سندھ کے عوام اور ان کے حقوق کی بات کرنا اگر جرم ہے تو وزیر اعلیٰ سندھ یہ جرم کرتا رہے گا اور سندھ کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں، فواد چوہدری کس منہ سے سپریم کورٹ سے آئین کے آرٹیکل 140-A کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ خود عدلیہ نے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو توڑنے پر فیصلہ دیا ہے کہ ان کو بحال کیا جائے اور وہ اس پر بھی عمل درآمد نہیں کررہے ہیں۔

ادھرصوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ آرٹیکل 140 کی بات کرنے والے یہ بھی بتائیں کہ پنجاب کے تمام بلدیاتی اداروں کو آئین کے کس آرٹیکل کے تحت توڑا گیا‘ وفاقی حکومت سلیکٹڈ کمپنی ہے جو ملک پر مسلط کی گئی ہے‘فواد چودھری جیسے لوٹوں کو سوائے چاپلوسی کے اور آتا ہی کیا ہے۔مراد علی شاہ منتخب وزیراعلی ہیں۔

تازہ ترین