• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں تعلیم کے لیے 277 ارب روپے سے زائد مختص

سندھ کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے لیے 277 ارب روپے سے زائد مختص کردیے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے منگل کو صوبائی اسمبلی کے فلور پر 329 ارب 30 کروڑ 3 لاکھ روپے کے ترقیاتی پورٹ فولیو کے ساتھ 14 سو 77 ارب 90 کروڑ روپے کے خسارے کا بجٹ پیش کیا۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ قوم کی زندگی میں تعلیم سب سے زیادہ اہم عنصر ہے، سندھ حکومت سب کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوان اور بچے حقیقت میں ہماری قوم کا مستقبل ہیں، تعلیم کے ذریعے ہی ہمارے بچے اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح اجاگر کر سکتے ہیں۔

انھوں نے اپنی تقریر کے دوران امریکی صدر فرینکلن روز ویلٹ کا مشہور قول کہا کہ ”جمہوریت اُس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی تا وقت یہ کہ جنہیں انتخاب کا حق ہے وہ ذہانت کے ساتھ انتخاب کے لیے تیار نہ ہوں چنانچہ جمہوریت کی حقیقی محافظ تعلیم ہے“۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں لازمی طور پر اسکول میں پڑھائے جانے والے نصاب پر نظر رکھنی ہوگی تاکہ فرسودہ خیالات سے آزاد رہا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اساتذہ کی تربیت کرنی ہوگی تاکہ وہ ہمارے بچوں میں انہماک اور توجہ بڑھانے میں حقیقی دلچسپی لے سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسوقت تک ہمارے مستقبل کی نسل ہر شعبے میں دانشوروں اور تخلیق کاروں پر مشتمل ہو، پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے نئے مالی سال کیلئے زیادہ تر وسائل تعلیم کے لیے مختص کیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں موجودہ مالی وسائل میں 13.5 فیصد کا اضافہ دیکھا جاسکتا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تعلیم کے لیے 244.5 بلین روپے سے بڑھا کر 277.5 ارب  روپے تجویز کیے ہیں۔ 

رواں مالی سال 21-2020ء میں تعلیم کے شعبے کے لیے 21.1 بلین روپے مختص کیے گئے تھے، جو کہ اسکول ایجوکیشن، کالج ایجوکیشن، یونیورسٹی، خصوصی افراد کو بااختیار بنانے اور صلاحیتوں کی ترقی پر مشتمل تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے مالی سال 22-2021ء میں حکومت نے اس شعبے کے لیے 26 بلین روپے مختص کیے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن اور خواندگی کیلئے 222.102 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ اسکول تعلیم اور خواندگی کی 117 جاری اسکیموں اور 186 نئی اسکیموں کے لیے 14 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح میڈیکل ایجوکیشن کی مد میں 45 فیصد اضافہ کے ساتھ اس کی رقم کو 2.846 بلین بڑھایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کالج ایجوکیشن کا بجٹ 11.8 فیصد اضافے کے ساتھ 22.8 ارب روپے کیا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں مالی سال میں سرکاری شعبے میں یونیورسٹیوں کے لیے گرانٹ کا حجم 20 فیصد اضافے کے بعد 13.314 ارب روپے کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین