مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جو کتاب اپوزیشن لیڈر کو لگے گی وہی کتاب عمران خان کو لگے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں ن لیگ کے طلال چوہدری، تحریک انصاف کے عثمان ڈار اور پیپلز پارٹی آغا رفیع اللّٰہ نے شرکت کی۔
ن لیگی رہنما نے دوران گفتگو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پر جانبداری کا الزام لگایا اور کہا کہ انہوں نے انصاف نہیں کیا، صرف مخصوص لوگوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آج جیسا کرے گی، کل ویسا بھرے گی، جو کتاب اپوزیشن لیڈر کو لگے گی وہ کتاب عمران خان کو بھی لگے گی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ بجٹ سے متعلق معاشی سروے کو حکومت نے چھپایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اسمبلی کا ماحول ٹھیک کرنے کے لیے کئی بار حکومت سے مفاہمت کی۔