پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللّٰہ نے کہا ہے کہ اسپیکر اسد قیصر نے بیلنس کرنے کے لیے مجھے قربانی کا بکرا بنایا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں آغا رفیع اللّٰہ، ن لیگ کے طلال چوہدری اور عثمان ڈار نے شرکت کی۔
پی پی ایم این اے نے کہا کہ کل کا دن اسمبلی کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، اسپیکر کی میرے خلاف کارروائی درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس وقت اسمبلی میں ہنگامہ آرائی ہوئی میں وہاں موجود نہیں تھا۔
آغا رفیع اللّٰہ نے مزید کہا کہ اسپیکر صاحب نے بیلنس کرنے کے لیے مجھے قربانی کا بکرا بنایا۔
پروگرام کے دوران عثمان ڈار نے کہا کہ شیخ روحیل اصغر نے پنجاب کے عوام کی توہین کی، وہ عوام کی توہین پر معافی مانگیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کو گالیاں نہیں دینی چاہئیں، اسمبلی میں جو کچھ ہوا غلط ہوا، سب ذمہ دار ہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جو کتاب اپوزیشن لیڈر کو لگے گی وہی کتاب عمران خان کو لگے گی،حکومت آج جیسا کرے گی کل ویسا ہی بھرے گی۔
ن لیگی رہنما نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پر بھی جانبداری کا الزام لگایا اور کہا کہ انہوں نے انصاف نہیں کیا صرف مخصوص لوگوں کو نشانہ بنایا۔