• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیئر ہومز کے عملے کیلئے کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار دینے کا فیصلہ، انکار پر برطرفی ہوگی

لندن (جنگ نیوز) انگلینڈ میں کیئر ہومز میں خدمات سرانجام دینے والے عملے کیلئے کوویڈ ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا جائے گا۔توقع ہے کہ حکومت اس ضمن میں آئندہ چند روز میں اعلان کرے گی جس کے بعد کیئر اسٹاف کو 16 ہفتوں کا وقت دیا جائے گا۔ ویکسین نہ لگوانے والے عملہ کو فرنٹ لائن کیئر سے ہٹا کر کہیں اور تعینات کیا جاسکے گایا پھر انہیں نوکری سے فارغ بھی کیا جاسکے گا۔ حکومت اس قسم کے اقدامات ہیلتھ اور کیئر اسٹاف پر لاگو کرنے کا بھی سوچ رہی ہے۔ جبکہ کیئر آرگنائزیشنز نے عملے کیلئے ویکسی نیشن کو لازمی قرار دینے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس مجوزہ فیصلے کے کیئر سیکٹر پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے جسے پہلے ہی عملے کی بھرتی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت کو بعض علاقوں میں ویکسین لگوانے کیلئے کم لوگوں کے سامنے آنے کے حوالے سے تشویش ہےاور ان علاقوں میں لندن بھی شامل ہے۔ وائٹ ہال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے جانیں بچیں گی اور اس حوالے سے ڈاکٹروں کو ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین لگانے کی مثال موجود ہے۔ عملہ کے ایسے افراد جو طبی طور پر ویکسین لگوانے سے مستثنیٰ ہیں انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر نے اپریل میں اس حوالے سے مشاورتی عمل کا آغاز کیا تھا، حکومت نے فروری کے وسط تک تمام فرنٹ لائن کیئر ورکرز کو ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے کی پیشکش کردی تھی۔ انٹرنیشنل ٹریڈ سیکرٹری لز ٹرس (Lizz Truss) نے کہا ہےکہ کیئر ہوم کے عملے سے متعلق اعلان جلد متوقع ہے۔ برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کے عمل کے لئے عملے سے زبردستی کرنے کے بجائے انہیں قائل کرنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین