• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

HMRC کی موسم گرما میں چائلڈ کیئر کیلئے مدد دینے کی پیشکش

لندن (جنگ نیوز) HMRC نے ملازمت پیشہ فیملیز سے کہا ہے کہ وہ موسم گرما میں اپنے بچوں کی چائلڈ کیئر کے اخراجات پورے کرنے کیلئے ٹیکس فری چائلڈ کیئر کا آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔ ملازمت پیشہ والدین ٹیکس فری چائلڈ کیئر کی سہولت منظور شدہ ہالیڈے کلبس، چائلڈ مائنڈرز یا کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرسکتے ہیں، اس سے والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کو ذہنی طورپر یہ اطمینان ہوگا کہ ان کے بچے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران مثبت سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور اس سے ان کی رقم بھی بچے گی۔ ٹیکس فری چائلڈ کیئر کی سہولت 11 یا معذوری کی صورت میں17 سال تک کی عمر کے بچوں کیلئے حاصل کی جاسکتی ہے اور اکائونٹ میں جمع کرائے گئے ہر 8 پونڈ پر والدین کو حکومت کی جانب سے اضافی 2 پونڈ ملیں گے جو ہر 3 ماہ ادا کئے جائیں گے تاہم 500 پونڈ سے زیادہ رقم ادا نہیں کی جائے گی، تاہم بچہ معذور ہو تو ایک ہزار پونڈ تک ادا کئے جائیں گے۔ والدین اور دیکھ بھال کرنے والے اپنے مستحق ہونے کا اطمینان کرنے کے بعد GOV.UK کے ذریعے ٹیکس فری چائلڈ کیئر کیلئے رجسٹریشن کراسکتے ہیں، وہ کسی بھی وقت اکائونٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں اور فوری اس کا استعمال شروع کرسکتے ہیں، رقم جمع کرا کے فیملیز 20 فیصد منافع حاصل کرسکتے ہیں اور اس رقم سے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ادائیگی سے ادائیگی کرسکتے ہیں۔ HMRC کے ڈائریکٹر جنرل کسٹمر سروسز Myrtle Lloyd کا کہنا ہے کہ ہم موسم سرما کے دوران بچوں کو فعال رکھنے میں مدد دینا چاہتے ہیں، خواہ وہ موسم گرما کی تعطیلات کے کلب میں جارہے ہوں یا چائلڈ مائنڈر میں، چائلڈ کیئر ٹاپ اپ والدین کو اپنے بچوں کیلئے پروگرام بنانے اوراپنے بچوں کو خوش وخرم اور تندرست رکھنے کیلئے موسم گرما کی سرگرمیوں کیلئے ادائیگی کرنے میں مدد ملے گی، اس حوالے سے مزید معلومات GOV.UK سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ رواں سال مارچ کے دوران 282,000 سے زیادہ ملازمت پیشہ فیملیز نے اپنے اکائونٹ استعمال کئے، اپریل 2017 میں شروع کی گئی اس اسکیم کے بعد سے کسی ایک مہینے کے دوران اس سے استفادہ کرنے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ ان فیملیز نے حکومت کے ٹاپ اپ پروگرام کے تحت مجموعی طورپر 33 ملین پونڈ سے زیادہ رقم حاصل کی، ٹیکس فری چائلڈ کیئر کی یہ سہولت اسکول جانے سے قبل کی عمر کے نرسریز، چائلڈ مائنڈرز یا بچوں کی دیکھ بھال کی سہولت پہنچانے والے کسی اور ذریعے سے منسلک بچوں کے والدین بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ چھوٹے بچوں کے والدین کو عام طورپر بچوں کی دیکھ بھال پر زیادہ رقم خرچ کرنا پڑتی ہے اس لئے ٹیکس فری بچت سے انھیں بہت مدد مل سکتی ہے، بچوں کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے والے بھی اس اسکیم کے ذریعے والدین سے رقم وصول کرنے کیلئے GOV.UK کے ذریعے چائلڈ کیئر پرووائیڈر اکائونٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
تازہ ترین