• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووہان میں وبا پھیلنے کے وقت امریکا میں کورونا تھا، تحقیق

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ 2019ء میں ووہان میں کورونا وبا پھوٹنے کے وقت امریکا میں کورونا کا کیس سامنے آچکا تھا۔ کلینیکل انفیکشیس ڈیزیزز کے تحت جاری کردہ رپورٹ کے مطابق متاثر شخص 15 جنوری 2020ء کو ووہان سے امریکی ریاست واشنگٹن پہنچا تھا، جہاں اس نے بیماری کی علامتیں ظاہر ہونے پر 19 جنوری کو ڈاکٹر سے رجوع کیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس پر تحقیق کے لیے 2020 ء کے شروع میں 24 ہزار امریکیوں کے خون کے نمونے لیے گئے تھے، جن کے تجزیے سے یہ پتا چلا کہ دسمبر 2019 ء میں یہ وائرس امریکا میں موجود تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب دنیا کو ووہان میں مہلک وبا کے پھوٹنے کا علم نہیں ہوا تھا، اس وقت بھی امریکا میں کورونا موجود تھا۔ امریکی ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کی اہم عہدے دار نیتالی تھارنبرگ کا کہنا ہے کہ یہ مطالعاتی جائزہ قابل بھروسہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خون کے 9 نمونوں میں کورونا وائرس کے اثرات موجود تھے۔ ان میں سے 5نمونوں کا تعلق الینوائے اور ایک ایک کا تعلق میساچوسٹس، مسی سیپی، پنسلوانیا اور وسکانسن سے تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے یہ پتا چلتا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا علم ہونے سے پہلے یہ وائرس امریکا میں موجود تھا۔ تفتیش سے ثابت ہوتا ہے کہ ان افراد نے وائرس کا شکار ہونے سے قبل بیرون ملک سفر نہیں کیا تھا۔
تازہ ترین