مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھا ہے۔
شہباز شریف نے لکھے گئے خط میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے میڈیا کو پارلیمنٹ تک مکمل رسائی دینے اور رکاوٹیں دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہباز شریف کا خط میں کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کی تیسری لہر کے بعد اب پارلیمنٹ پوری طرح فعال ہو چکی ہے، مگر میڈیا کو گیٹ نمبر 1 سے ملحقہ جگہ استعمال کرنے کی تاحال اجازت نہیں۔
انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ حکومت نے میڈیا کو اپوزیشن کی کوریج سے روک رکھا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو میڈیا پر مساوی کوریج کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ تمام میڈیا کو کسی پابندی اور رکاوٹ کے بغیر پارلیمنٹ تک مکمل رسائی دی جائے۔
اپوزیشن لیڈر کا اپنے خط میں اسپیکر قومی اسمبلی سے یہ مطالبہ بھی ہے کہ اپوزیشن کو میڈیا پر اپنی بات کہنے کے تمام مواقع فراہم کیئے جائیں۔