• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیاض چوہان کی سیاسی زندگی کا پہلا واک آؤٹ، وجہ سامنے آگئی

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان اسمبلی اجلاس سے اپنی سیاسی زندگی کا پہلا واک آؤٹ کرگئے۔

لاہور میں پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر نے کہا کہ میں اسمبلی کا واک آؤٹ کرکے باہر آ گیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی سیاسی زندگی میں پہلی مرتبہ اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے واک آؤٹ کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے حسن مرتضیٰ نے پی ٹی آئی پر غلط تنقید کی، مطالبہ کرتا ہوں کہ یہ اس پر معافی مانگیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج پی پی کے پارلیمانی لیڈر نے لاکھوں عوام کو کمی کمین کہا، میں جواب دینے کے لیے کھڑا ہوا تو ڈپٹی اسپیکر نے مجھے روک دیا تو میں احتجاج واک آؤٹ کرگیا۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ افسوس ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے میرے نکتے پر بھی توجہ نہیں دی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر صاحب کا بیان بھی قابل مذمت ہے، گالی دینا پنجاب کے کلچر کا نام نہیں ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا اور اسی رات معافی مانگی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ روحیل اصغر آج تک اپنے اقدام پر ڈھٹائی کا مظاہرہ کررہے ہیں، دراصل بیگم صفدر اور ن لیگ کی سرپرستی میں عوام کی توہین کی گئی۔

تازہ ترین