اسلام آباد ( نمائندہ جنگ ) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں دم خم نہیں ہے،یہ پہلے ہی مری ہوئی ہے ، انکے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، پلگو ں میں کچرا ہے اور انجن دھواں دے رہا ہے، انہیں تقریر تو کرنے دیں،عمران خان پانچ سال حکومت کرینگے۔
اچھی بات ہے کہ پارلیمان چل پڑی ہے، تین دن جو کچھ ہوا اسے عوام نے اچھی نظر سے نہیں دیکھا، ضلعی انتظامیہ اور پولیس اسلام آباد کو مثالی شہر بنائے، طاقتوروں کو پکڑیں، ملک کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ صرف غریب ہی قانون کی پکڑ میں آتا ہے۔
جمعہ کو وفاقی دارالحکومت میں ایگل سکواڈ کے فلیگ مارچ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ دارالحکومت کو ایک مثالی شہر بنائے، اسلام آباد کو منشیات سے پاک کیا جائے اور آئس ، ہیروئن کے بڑے بڑے ڈیلرز اور ریکٹس کو پکڑا جائے، صرف منشیات پینے والے پکڑے جاتے ہیں۔
،بڑے لوگوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں مزید نئے تھانے بنانے کی ضرورت ہے، پولیس شہریوں کو عزت دے ، لوگوں کے لئے آسانیاں اور سہولتیں پیدا کر رہے ہیں، ای پاسپورٹ جاری کئے جائینگے اور 2 ہزار اضافی فیس کیساتھ ایک دن میں بھی پاسپورٹ ملے گا۔
وزیر داخلہ نے 150 موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل ایگل سکواڈ کا معائنہ کیا اور پولیس کو تاکید کی کہ وہ مکمل مستعدی اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں،اس موقع پر آئی جی قاضی جمیل الرحمان،ڈی آجی آپریشنز افضال کوثر ، ایس ایس پی ڈاکٹر تنویر مصطفیٰ اور ایس پی سپیشل برانچ زبیر شیخ بھی موجود تھے ۔