شیخوپورہ(ایجنسیاں)شیخوپورہ میں شرقپور روڈ پر پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں نے شب معراج پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا کر 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیاجب کہ 4 فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلو بارودی مواد، 5 ڈیٹونیٹرز، 4 کلاشنکوف، 4 پستول، گولیاں اور 4 موٹرسائیکلیں اور حساس مقامات کے نقشے بھی برآمد کیے گئے ہیں،مفرور ملزمان کی تلاش جاریہے،تفصیلات کے مطابق شیخو پورہ میں ضلعی پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی فورس نے شب معراج کے موقع پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے اور پولیس مقابلے میں 8مبینہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ مقابلہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رات گئے شیخو پورہ کے علاقے شرق پور میں ہوا جہاں پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے ایک اطلاع پر چھاپہ مارا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ شدت پسند شب معراج کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔جب پولیس وہاں پہنچی تو مبینہ شدت پسندوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی فائرنگ میں آٹھ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔پولیس نے جائے وقوع سے چار کلاشنکوف، چار پستول، چھ کلوگرام دھماکہ خیز مواد اور چار موٹر سائیکلیں بھی قبضہ میں لے لیں۔پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تنظیم سے تھا جب کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ حساس مقامات کے نقشے بھی برآمد کر لیے گئے۔ تمام دہشت گردوں کی لاشیں شیخوپورہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔