وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ن لیگ میں بڑی زوروں سے اندرونی جنگ جاری ہے، مجھے نہیں پتا شہباز شریف کس کے پاؤں پکڑیں گے مگر ن لیگ میں جنگ جاری ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ ن لیگ میں ایک طبقہ ہے جس کی خواہش ہے کہ اسمبلی نہ چلے، وزیراعظم عمران خان جب پہلی بار اسمبلی آئے تو ان لوگوں نے ہلڑ بازی کی۔
شفقت محمود نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بات کو ٹھنڈا کرنے کی بجائے کہا گھوڑوں اور گدھوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، ہماری کوشش ہوگی قومی اسمبلی کا اجلاس اچھا چلے، بجٹ پاس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ علاج کے لیے لندن جانے دیا جائے اور پھر 4 گھنٹے اسمبلی میں تقریر کرتے ہیں۔
شفقت محمود نے کہا کہ اپوزیشن کو سب سے زیادہ مسئلہ معیشت کے بہتر ہونے سے ہے، اپوزیشن کو پتا ہے کہ ان کی سیاست ختم ہونے والی ہے، اپوزیشن کے پاس دھینگا مشتی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم پاکستان کے تمام تاریخی مقامات کا سروے کررہے ہیں، تمام تاریخی مقامات کی ڈیجٹل میپنگ کی جائے گی۔