پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت ایک چیز مانتی ہے پھر مکر جاتی ہے، پی ٹی آئی حکومت اوور سیز پاکستانیوں کی ووٹنگ کے حوالے سے سیاست کررہی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آئین کو آئینی ترمیم کے بغیر تبدیل نہیں کر سکتے، ماضی میں جاکر قانون کو تبدیل نہیں کرسکتے، نئے قانون کا اطلاق آنے والے وقت پر ہوتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مخصوص افراد کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے، بل کے ساتھ ہماری 45 تجاویز ہیں، حکومت نے کوئی اہمیت نہیں دی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ الیکشن قوانین میں ترامیم کےحوالے سے الیکشن کمیشن، دیگر جماعتیں بھی اسٹیک ہولڈرز ہیں، ہم نے تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے الیکشن قوانین میں ترامیم کیں۔