لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مسئلہ کشمیر کے ساتھ وابستگی پرانی ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے ،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں، ہم پارلیمنٹ میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا، پیپلزپارٹی کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلاول ہائوس لاہور میںسے پیپلز پارٹی کے رہنما غلام عباس میر اور شبیر عباس میر کی ملاقات کے دوران کیا، آصف علی زرداری نے شبیر عباس میر کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پیپلز پارٹی کا ٹکٹ بھی جاری کر دیا ،ملاقات میں پیپلز پارٹی کے رہنما اورنگزیب برکی بھی موجود تھے۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے الیکشن کے دوران بہت جلد تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے اہم کشمیری رہنما بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں جس سے آزاد کشمیر اسمبلی کے الیکشن کی صورتحال میں اہم تبدیلی ہو گی ۔