قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی حفاظتی ضمانت کے حوالے سے ان کے وکلا تقسیم ہوگئے۔
شہباز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سے اُن کی لیگل ٹیم کی ملاقات آج رات ہوگی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف کی حفاظتی ضمانت کے حوالے سے وکلا میں دو آراء پائی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ وکلا کا کہنا ہے شہباز شریف ضمانت کے بغیر ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوں، جبکہ کچھ وکلا کا خیال ہے کہ شہباز شریف ضمانت کروا کر ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حفاظتی ضمانت حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے آج رات شہباز شریف سے ملاقات ہوگی، حفاظتی ضمانت کا فیصلہ کیا گیا تو کل شہباز شریف ضمانت کے لیے سیشن عدالت جائیں گے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جو سوالنامہ ایف آئی اے نے بھیجا ہے اس کا پہلے بھی جواب دے چُکے ہیں۔