• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر بھٹو کی عظیم قربانی کی بدولت پاکستانی عوام کی حتمی فتح اب قریب ہے، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سال گزریں یا صدیاں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طویل جدوجہد، عظیم قربانی اور انسان دوست فلسفہ لازوال ہیں، جن کی بدولت پاکستانی عوام کی حتمی فتح اب قریب ہے۔

اسلامی دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے  68 ویں یومِ ولادت کے موقعے پر جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج جب پاکستان میں گورننس ڈی ریل ہے، ادارے یرغمال اور عوام سفاک کارٹیلز کے رحم و کرم پر ہیں، ایسے میں ہر محبِ وطن پاکستانی کا دخترِ مشرق کے عوام دوست ویژن کی کمی محسوس کرنا فطری ردعمل ہے۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک تحریک کا نام ہے، اور عوامی تحریکیں تاریخ کی مائیں ہوتی ہیں، نئے ادوار کو جنم دیتی ہیں۔ 

 انہوں نے کہا کہ بطور سیاسی رہنما شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوامی سطح پر جمہوری سوچ کو پروان چڑھایا، تو دوسری جانب ایک منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لیئے ہم آہنگی پیدا کی، عوام دوست طرز حکمرانی کے لیئے ادارے قائم کیئے، اور تعیلم، صحت و روزگار کے مواقعے جیسی بنیادی حقوق تک پسماندہ طبقات کی رسائی کو یقینی بنایا، خواتین، بچوں، اقلیتوں، اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کی اور گیم چینجر پروگرامز متعارف کرائے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سب سے بڑھ کر ہمیشہ عوام کو امید دی۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوام دشمن قوتوں کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو پر کیے جانے والے مظالم پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی، جو ان کے والد، دو بھائیوں اور بے شمار ساتھیوں کو قتل کرنے اور خود انہیں پابند سلاسل بنانے سے شروع ہو کر جھوٹے مقدمات اور پروپیگنڈہ سے بھی آگے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پر ظلم کے پہاڑ اس لیئے توڑے گئے، کیونکہ ظالموں کو معلوم تھا کہ 'دخترِ مشرق' صرف قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی فکر و جدوجہد کی وارث نہیں، وہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کے نظریے اور ویژن کی بھی علمبردار تھیں۔ "شہید محترمہ بینظیر بھٹو آمریت، دہشتگردی، اور انتھاپسندی کے خلاف آنے والے نسلوں کے لئے ایک امید اور ولولے کی علامت بن چکی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ایک لمحے کے لیئے بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو فراموش نہیں کیا۔

پی پی پی چیئرمین نے قوم کو یقین دلایا کہ وہ اپنی شہید ماں کے اس نامکمل مشن کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا، جو پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے اور عوام کو خوشحال بنانے کا مشن تھا۔

تازہ ترین