وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وزیر دفاع پرویز خٹک کی قومی اسمبلی کی تقریر پر طنزیہ تبصرہ کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں سید ناصر حسین شاہ نے پرویز خٹک کی مہنگائی اور غربت سے متعلق تقریرپر طنزیہ تبصرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اچھا ہوا کہ قومی اسمبلی کی عمارت مضبوط ہے اور پرویز خٹک کی باتوں سے گر نہیں گئی۔
وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ کراچی کے ضمنی انتخاب میں وفاقی حکمران جماعت پی ٹی آئی چھٹے ساتویں نمبر پر آئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی جیتی، اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کہیں نظر نہیں آئے گی۔
ناصر شاہ نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے اسپتالوں میں جس طرح کا مفت علاج ہورہا ہے اور کہیں ہورہا ہو تو ہمیں بھی دکھادیں۔
انہوں نے دوران گفتگو پوچھا کہ ہم انہیں کونسا چشمہ بھیجیں؟ جس سے انہیں سندھ حکومت کی کارکردگی نظر آجائے۔
یاد رہے کہ پرویز خٹک نے قومی اسمبلی میں غربت، مہنگائی اور حکومتی کارکردگی سے متعلق ایسی گفتگو کی کہ جس پر حکومتی ارکان اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی قہقہے لگانے پر مجبور ہوگئے۔
اُن کا کہنا تھاکہ ملک میں کوئی غریب اور بیروز گار نہیں ، میرے ساتھ چلیں خیبرپختونخوا میں مجھے صوبے میں ایک بھی کچا مکان دکھائیں۔
وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ ملک میں کہیں بھی غربت، بیروزگاری اور مہنگائی نہیں، لوگ خوشحال اور مطمئن ہیں، عوام اپوزیشن کے ڈراموں میں نہیں آئیں گے وہ سمجھدار ہیں۔