• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلطانز کی ہیبت، یونائیٹڈ کی بیٹنگ تتر بتر ہوگئی، سپر لیگ کے فائنل تک رسائی

ابوظبی (جنگ نیوز) ملتان سلطانز کو کپتان کی تبدیلی راس آگئی، محمد رضوان نے کپتان بنتے ہی ٹیم کے لئے تاریخ رقم کردی ،سلطانز کی ہیبت سے ہاٹ فیورٹ اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ تتربتر ہوگئی۔ سلطانزنے کوالی فائر میں جیت کے ساتھ پہلی بار پاکستان سپر لیگ فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ جیت میں صہیب مقصود ،جانسن چارلس اور خوش دل شاہ کی دھواں دھار بیٹنگ جبکہ سہیل تنویر، مزربانی اور عمران طاہر کی بولنگ نمایاں رہی۔ اسلام آباد کے پاس منگل کو دوسرے الیمنیٹر میں فتح کی صورت اب بھی فائنل کھیلنے کا چانس ہے ۔ 181رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی مضبوط ٹیم19ویں اوور میں149رنز پر آئوٹ ہوکر31رنز سے ہارگئی۔ آسٹریلوی عثمان خواجہ کے علاوہ اسلام آباد کی بیٹنگ مکمل ناکام ہوگئی۔ پیر کی شب شیخ زاید اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے خلاف کپتان شاداب خان، فہیم اشرف اور کولن منرو صفر پر آؤٹ ہوئے۔ آدھی ٹیم صرف 61 رنز پر پویلین واپس پہنچ گئی تھی۔ کولن منرو اننگز کی دوسری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ محمد اخلاق 10، افتخار احمد 16 اور آصف علی 1 رن بناسکے۔ اس موقع پر اوپنر عثمان خواجہ نے حسین طلعت کے ہمراہ 50 رنز کی شراکت قائم کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کے مداحوں کو جیت کی امید دلائی۔ عثمان نے بلیسنگ مزربانی کو ایک اوور میں 4 باؤنڈریز لگا کر سنسنی پھیلائی۔ وہ 40 گیندوں پر 175 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 70 رنز بنا کر سہیل تنویر کی وکٹ بنے ۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 149 رنز پر ہمت ہار گئی۔ حسن علی 10، محمد وسیم جونیئر 13، فہیم اشرف صفر اور حسین طلعت 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سہیل تنویر نے 17 رنز کے عوض تین، بلیسنگ مزربانی نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کی ٹیم 5 وکٹ 180 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ محمد رضوان صفر پر عاکف جاوید کا شکار بنے۔ دوسرے اوپنر شان مسعود بھی 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں شاداب خان نے آؤٹ کیا۔ رائیلی روسو کھاتہ کھولے بغیر شاداب خان کا شکار بنے۔ 59 پر ملتان سلطانز کی 3 وکٹیں گرچکی تھیں۔ صہیب مقصود نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ جانسن چارلس نے 21 گیندوں پر 41 رنز 3 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ خوشدل شاہ نے 22 گیندوں پر 5 چھکوں کی بدولت 42 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ملتان سلطانز کا مجموعہ 180 تک پہنچا دیا۔ سہیل تنویر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2،2 جبکہ عاکف جاوید نے ایک وکٹ حاصل کی۔