پاکستانی اداکارہ زرنش خان نے وزیراعظم عمران خان کے عورتوں کے مختصر لباس سے مردوں کے جذبات کے بھڑک اٹھنے سے متعلق بیان پر عمران خان کی حمایت کردی۔
زرنش خان نے کہا کہ یہ وہ حقیقت ہے جسے ہم کبھی نہیں جھٹلا سکتے۔
انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے زرنش خان نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ ہم ایک ایسی دنیا کا حصہ ہوں جہاں سب اپنے کام سے کام رکھیں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہے اور یہی حقیقت بھی ہے۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیر کو امریکی ٹی وی کو انٹریو میں ملک میں فحاشی اور جنسی زیادتیوں کے واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، عورت کے مختصر لباس سے مرد کے جذبات بھڑک جاتے ہیں۔
عمران خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی اس معاملے پر رائے منقسم ہے۔
عمران خان کا کہناتھاکہ انہوں نے کبھی نہیں کہا عورتیں برقعہ پہنیں، عورت کے پردے کا تصور یہ ہے کہ معاشرے میں بے راہ روی سے بچا جائے۔