• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا سے مغربی کلچر کے حامیوں کا جنازہ نکالیں گے، فضل الرحمان

پشاور(سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام(ف) کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا جمعیت علمائے اسلام کا گڑھ ہے گزشتہ انتخابات کے دوران بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت صوبہ این جی او مافیا کے حوالے کیا گیا تاہم جے یو آئی2018کے انتخابات میں خیبر پختونخوا سے مغربی کلچر کے حامیوں کا جنازہ نکالے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز  جے یو آئی سیکرٹریٹ پشاور میں  پی کے8کے کارکنوں اور عہدیداروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان، جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک ، عبدالجلیل جان ، آصف اقبال اور دیگر بھی موجود تھے ، مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ  خیبر پختونخوا جمعیت علمائے اسلام کا گڑھ ہے لیکن گزشتہ عام انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ کے برعکس فیصلہ مسلط کیا گیا اور بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت صوبے کو این جی او مافیاکے حوالہ کیا گیا انہوں نے کہاکہ 2018کے انتخابات میں صوبہ سے مغربی کلچر کے حامیوں کا جنازہ نکالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ اسمبلی کے اندر اور باہر عوام کی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے اسلامی اقدار اور تہذیب کے منافی اقدامات اور قانون سازی کا راستہ روکا ہے ، انہوں نے کہاکہ پاکستان  میں لبرل اور مادر پدر آزاد معاشرے کا قیام بین الاقوامی ایجنڈا ہے جس کا ہر صورت راستہ روکا جائےگا ، انہوں نے کارکنوں اور پی کے8کے عوام پر زور دیا کہ  12مئی کو پشاور ضمنی انتخابات کے دوران ووٹ کی قوت سے غیر ملکی ایجنڈے کا راستہ روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
تازہ ترین