• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری سے پرویز الٰہی کی ملاقات،سیاسی چہ مگوئیاں شروع

لاہور ( آن لائن،ٹی وی رپورٹ )اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے لاہور کے بلاول ہاؤس میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ملاقات پر سیاسی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔آصف علی زرداری نے چوہدری پرویز الٰہی سے کہا کہ آپ ہمارےبھی اتحادی تھے اور اس حکومت کے بھی، فرق تو پتہ چل گیا ہوگا، اگلےعام انتخابات میں پیپلزپارٹی سب کو سرپرائز دے گی۔پرویز الہٰی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں متعدد مرتبہ بلاول کی تقریر سنی ، وہ بہت میچور بات کرتےہیں۔ملاقات کے دوران آصف زرداری نے پرویز الٰہی سے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ آصف زرداری نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت کے متعلق بلاول نے مجھے بتایا تھا۔ اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اب پہلے سے بہتر ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی اورآصف زرداری کی ملاقات حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی نہیں، مہمان نوازی اور میزبانی پنجاب کا کلچر ہے، آصف زرداری اور چوہدری برادران کے درمیان پرانے تعلقات ہیں۔ادھرچوہدری پرویز الٰہی اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے چوہدری پرویز الٰہی سے کہا کہ آپ ہمارےبھی اتحادی تھے اور اس حکومت کے بھی، فرق تو پتہ چل گیا ہوگا، اگلےعام انتخابات میں پیپلزپارٹی سب کو سرپرائز دے گی۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کبھی بھی سیاست دان نہیں تھے، عمران خان کو لانے والے اب پچھتا رہے ہیں، عمران خان اور وزراء سمجھتے ہیں دھمکیوں سے سندھ حکومت کو ڈرا دیں گے تویہ ان کی بھول ہے، ہم نے تو آمروں کا مقابلہ کیا، یہ کیا چیزہیں۔

تازہ ترین