• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2024 تک پورے ٹیوب نیٹ ورک میں انٹرنیٹ رسائی،صادق خان

لندن (پی اے) میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ 2024 تک لندن انڈر گرائونڈ کے مسافروں کو پورے نیٹ ورک میں مکمل موبائل کوریج ملے گی۔ ٹرانسپورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل) نے 4 جی اور 5 جی انفراسٹرکچر کمپنی بی اے آئی کمیونی کیشنز کے ساتھ 20 سالہ معاہدہ کیا ہے تاکہ ٹیوب میں نام نہاد ناٹ سپاٹس کو کائونٹر کیا جا سکے۔ ٹی ایف ایل نے امید ظاہر کی ہے کہ پہلے مکمل طور پر منسلک سٹیشنز 2022 کے آخر تک تیار ہو جائیں گے۔ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ اس سے ہمارے شہر کی معیشت کو تیز تر کرنے میں مدد ملے گی۔ نیا نیٹ ورک 4 جی اور 5 جی رول آؤٹ کو سپورٹ کرے گا اور یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا انتہائی ایڈوانسڈ نیٹ ورک ہوگا۔ ٹی ایف ایل کا کہنا ہے کہ تمام موبائل آپریٹرز اس نئے نیٹ ورک کو استعمال کر سکیں گے۔ گزشتہ مارچ کے بعد جوبلی لائن کے ایسٹرن ہاف پر فون موصول کرنے کی سہولت دستیاب ہے۔ انڈر گرائونڈ ٹیوب کے سیکشنز پر موبائل کوریج پہلے صرف مختصر ٹرائل دورانیے کیلئے 2017 میں گرمیوں کے دوران واٹرلو اور سٹی لائن پر دستیاب تھی۔ نیا موبائل نیٹ ورک ٹی ایف ایل کیلئے اضافی ریونیو بھی حاصل کرے گا۔ مسٹر صادق خان نے کہا کہ میں نے لندن والوں سے وعدہ کیا تھا کہ اگر میں دوبارہ میئر منتخب ہو گیا تو میں پورے ٹیوب نیٹ ورک میں 4 جی کی سہولت فراہم کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ٹیوب نیٹ ورک میں مسافروں کو انٹرنیٹ رسائی کی سہولت ملے گی، جس میں لندن کے اہم سینٹرل سٹیشنز جیسا کہ آکسفورڈ سرکس اور آسٹن بھی اگلے سال کے اختتام سے قبل فائدہ اٹھا سکیں گے۔
تازہ ترین