• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان پالیسی درست نہ ہوئی تو پاکستان میں دہشت گردی بڑھ سکتی ہے، بلاول

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر افغانستان میں پاکستان کی پالیسی درست نہیں ہوگی تو ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوگا، انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے حکومتی قانون سازی سے متعلق میری شہباز شریف سے بات ہوئی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی ہر وہ آپشن اختیار کریگی کہ حکومت انتخابات میں دھاندلی نہ کرسکے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیررسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ میں نے ایوان میں مطالبہ کیا کہ افغانستان کیلئے جو پسِ پردہ ہورہا ہے، اسے عوامی نمائندوں کے سامنے لایا جائے، چوہدری پرویز الٰہی کا شکرگزار ہوں کہ وہ صدر زرداری کی طبیعت دریافت کرنے بلاول ہاؤس لاہور پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ جب سندھ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت دوہزار روپے فی من مقرر کی تو مسلم لیگ ق نے بھی پنجاب کے کسانوں کیلئے یہ مطالبہ کرتے ہوئے سندھ حکومت کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق کے مشترکہ مطالبے کے بعد پنجاب کے کسانوں کیلئے گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ ہوا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے ایف اے ٹی ایف نام لیکر ایسی قانون سازی کی جو نہ فیٹف کا مطالبہ تھا اور نہ یہ قانون سازی ملکی مفاد میں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی بات سنے بغیر فیٹف سے متعلق آمرانہ قانون کو منظور کرکے عام آدمی اور کاروباری طبقے کیلئے مشکلات پیدا کردی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف سے متعلق قانون سازی زبردستی منظور بھی کرائی گئی اور پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل بھی نہ سکا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں عالمی قوانین کے ساتھ چلنا چاہیے مگر اسکی قیمت ملک کا وہ تاجر طبقہ ادا نہیں کرسکتا جو پہلے ہی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کا سامنا کررہا ہے۔

تازہ ترین