• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وہاڑی: موٹر سائیکل چوری کا ملزم دورانِ حراست ہلاک

وہاڑی کے تھانہ ٹبہ سلطان پور میں موٹر سائیکل کی چوری کے الزام میں گرفتار ملزم دورانِ حراست ہلاک ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی ہلاکت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

پولیس تھانہ ٹبہ سلطان پور نے موٹر سائیکل چوری کے الزام میں گزشتہ روز لودھراں کے رہائشی مبینہ ملزم محمد ریاض کو گرفتار کیا تھا جس کی دورانِ حراست حالت خراب ہو گئی۔

ملزم کو مقامی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا، واقعے کے بعد تھانے کا عملہ غائب ہو گیا اور اس کی اطلاع ملتے ہی آر پی او ملتان سید خرم علی اور ڈی پی او وہاڑی امیر عبد اللّٰہ خان نیازی تھانہ ٹبہ سلطان پور پہنچ گئے۔

آر پی او ملتان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ابتدائی طور پر ملزم کے جاں بحق ہونے کی وجہ دل کا دورہ بیان کیا جا رہا ہے، مزید تفصیلات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔

آر پی او ملتان سید خرم علی نے یہ بھی کہا کہ ذمے دار پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی تحقیقات کے بعد کی جائے گی۔

تازہ ترین