گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ) بریگیڈیئر وحید ممتاز ڈائریکٹر کوارڈی نیشن ڈپونے کہا ہے کہ دفاعی مصنوعات کی تیاری اور اس کی ایکسپورٹ کیلئے گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے ۔کیونکہ یہاں کے ہنرمند اپنی خدا داد صلاحیتوں کی بدولت پورے پاکستان میں مشہور ہیں ۔آج ہمارے یہاں آنے کا مقصد یہی ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو آگاہی فراہم کر کے لوکل انڈسٹری کو دفاعی مصنوعات کے شعبہ میں لایا جائے بلکہ انہیں بیرون ممالک ایکسپورٹ بھی کیاجائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے اراکین سے خطاب کے دوران کیا جس کی صدارت سابق صدر اخلاق احمد بٹ نے کی ۔اس موقع پر نائب صدر بابو امتیاز حسین ،اراکین مجلس عاملہ کے علاوہ میجر خرم سعید ایکٹنگ جنرل سٹاف آفیسر ڈپوبھی موجود تھے۔