• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI والے ہماری باتیں مانتے تو حالات بہتر ہوسکتے تھے، پرویز الٰہی


کراچی ( ٹی وی رپورٹ) چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آصف زرداری سے ملاقات سے قبل عمران خان کو آگاہ کیا تھا،سارے ضمنی انتخابات کے نتائج آپ کے سامنے ہیں پی ٹی آئی ہاری ہے، اب تو دو سال رہ گئے ہیں، اگر یہ باتیں مانتے تو حالات بہتر ہوسکتے تھے، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں آصف زرداری نے میرے کہنے پر اپنے امیدوار کو دستبردار کروایا تھا، پنجاب میں سینیٹ انتخاب میں تمام ارکان بلامقابلہ کامیاب بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں کو رضامند کیا، اس عمل میں وزیراعظم عمران خان کی اجازت بھی شامل تھی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سربراہ کامیاب نوجوان پروگرام عثمان ڈار اور ن لیگ کے رہنما عطاء اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ جو لندن میں بیٹھا ہے ان کے چیلے اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ کر باتیں کررہے ہیں، لندن میں بیٹھا شخص جس پیمانے کی لوٹ مار کر کے لندن میں بیٹھا وہی مہنگائی کی وجہ ہے، شریف برادران علاج کیلئے لندن جانے کی ضد کر کے پاکستانی ڈاکٹرز کی تضحیک کرتے ہیں، کون سا ایسا معاملہ ہے کہ شہباز شریف نواز شریف کے پاؤں پڑنے جارہے تھے۔عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ نواز شریف کو جیسے ہی ڈاکٹر فٹ قرار دیں گے وہ واپس آجائیں گے، یوٹرن خان اور اس کی پارٹی نے کبھی اپنی کوئی کمٹمنٹ پوری نہیں کی،شہزاد اکبر اتنا ڈرتے ہیں کہ بلٹ پروف گاڑی کے سوا عام گاڑی میں نہیں بیٹھتے، نواز شریف کو جیل میں ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سے ملنے نہیں دیا جاتا تھا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ تھا جہاں سینیٹ الیکشن میں کسی ایم پی اے کی قیمت نہیں لگی، چیمہ صاحب، مونس اور میں نے اس کیلئے کوشش کی تاکہ کسی کی بدنامی نہ ہو، پنجاب میں ہر جماعت کی اپنی اپنی کمزوری تھی، میں نے تمام جماعتوں سے کہا کھینچا تانی کے بجائے ہر جماعت اندازہ کرلے اس کی کتنی نشستیں بنتی ہیں، تمام جماعتوں نے مہربانی کرتے ہوئے میری بات مانی، اس عمل میں وزیراعظم عمران خان کی اجازت بھی شامل تھی۔ چوہدری پرویز الٰہی نے مزید بتایا کہ نواز شریف نے مجھے آصف زرداری سے خود بات کرنے کا پیغام بھجوایا، آصف زرداری سینیٹ کیلئے اپنا امیدوار دستبردار نہیں کرتے تو سب فلاپ ہوجاتا، پنجاب میں سینیٹ انتخابات میں آصف زرداری نے میرے کہنے پر اپنا امیدوار دستبردار کروایا، پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ سینیٹ انتخاب میں تمام ارکان بلامقابلہ کامیاب ہوئے، آصف زرداری کا شکریہ ادا کرنے کراچی جانا چاہتا تھا، آصف زرداری نے کہا وہ لاہور آرہے ہیں وہیں ملاقات کریں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر پی ٹی آئی نے اعتراض کیا، کچھ روز بعد علیم خان پکڑے گئے تو میں نے ان کے بھی پروڈکشن آرڈر کیے، ہم نے کبھی کسی اتحادی کو دھوکا نہیں دیا۔

تازہ ترین