وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ یار محمد رند میرے والد کے ساتھ رہے ہیں، میں ان کی کسی بات کا جواب نہیں دوں گا۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت میں وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ گورنر بلوچستان نے مجھے فون کرکے بتایا ہے کہ یار محمد رند کا استعفیٰ ان کے بیٹے پہنچاکر گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سردار یار محمد رند میرے لیے قابل احترام ہیں، وہ کبھی ناراض اور کبھی خوش ہوجاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ یار محمد رند میرے والد کے ساتھ رہے ہیں، میں ان کی کسی بھی بات کا جواب نہیں دوں گا۔
اُن کا کہنا تھاکہ بجٹ پیش ہونے سے پہلے اپوزیشن نے اس پر اعتراض کیا جو غلط تھا، حزب اختلاف سے کہہ چکا ہوں کہ وہ اسمبلی میں بجٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کریں۔
جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے سب سے زیادہ پیسہ خرچ کیا، اپوزیشن کی تجاویز پر ان کے حلقوں کے لئے پیسے دیے۔