• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

560ارب کے ترقیاتی پروگرام سے ہر ضلع ترقی کریگا: بزدار

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں 560 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام سے ہر ضلع ترقی کرے گا۔

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر مراد راس، ایم پی اے سمیع اللّٰہ چوہدری اور اسد کھوکھر نے ملاقات کی، جس کے دوران انہوں نے بجٹ کی منظوری پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو مبارک باد پیش کی۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومت نے نمائشی منصوبوں پر صوبے کے قیمتی وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی کی حکومت میں یہ نمائشی منصوبے کل بھی ”سفید ہاتھی“ تھے اور آج بھی ”سفید ہاتھی“ ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے وسائل پر ڈاکا ڈال کر غیر منصفانہ اقدام کیا، ہم نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کے بعد جلد ہی بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا، سرکلر روڈ بہاولپور کی کشادگی کے لیئے فنڈز فراہم کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے مینڈیٹ کی پہلے بھی لاج رکھی ہے اور آئندہ بھی رکھیں گے، پاکستان کی سیاست کو کرپشن سے آلودہ کرنے والے آج در بدر پھر رہے ہیں۔

سردار عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ وطنِ عزیز کو بے دردی سے نوچنے والے نشانِ عبرت بن چکے ہیں، پاکستان کو وزیرِ اعظم عمران خان جیسے لیڈر ہی آگے لے کر جائیں گے۔

تازہ ترین