• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرہ کے شوبز میں 10 سال مکمل ہونے پر بھارت سے مبارکباد

معروف بالی ووڈ اداکارہ مونی رائے کی جانب سے اداکاری کی دُنیا میں ماہرہ خان کے 10 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

پاکستان سمیت سرحد کے اُس پار یعنی بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دِکھانے والی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان کو ادکاری کی دُنیا میں قدم رکھے 10 سال مکمل ہوگئے ہیں اور اس ضمن میں ماہرہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔


ماہرہ خان کی پوسٹ پر جہاں اُن مداحوں اور پاکستانی فنکاروں کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں پڑوسی ملک بھارت کے اداکار بھی کسی سے پیچھے نہ رہیں۔

بھارتی اداکارہ مونی رائے نے ماہرہ خان کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے اُنہیں اداکاری کی دُنیا میں 10 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

مونی رائے نے کمنٹ میں ماہرہ خان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 2006 میں بطور وی جے کیا اور 2011 میں شعیب منصور کی فلم ’بول‘ سے لالی ووڈ فلم نگری میں قدم رکھا جس میں انہوں نے معاون کردار نبھایا۔

ماہرہ خان نے یوں تو 2011 میں پہلا ڈرامہ ’نیت‘ کیا تھا لیکن شہرت اور مقبولیت ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ سے حاصل کی جس میں انہوں نے ’خرد‘ کا مرکزی کردار ادا کیا، جسے پاکستان سمیت بھارت میں بھی خوب پسند کیا گیا۔

اداکارہ نے 2015 میں فلم ’بن روئے‘ کی جبکہ 2016 میں فلم ’ہو من جہاں‘میں جلوہ گر ہوئیں۔

اس کے بعد 2017 میں ان کی بالی ووڈ ڈبیو فلم ’رئیس‘ ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔

تازہ ترین