• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت قانون کے دروازے سب کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، فروغ نسیم

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ  وزارت قانون کے دروازے سب کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، حکومت قانون کی حکمرانی کے لئے پرعزم ہے،بارکونسلز سمیت ہر ایک کو قانون کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،دادرسی قانون بنانے سے نہیں بلکہ قانون پر موثرعملدرآمد سے ہی ممکن ہے،عصمت دری کے خلاف بنائے گئے پاکستان کے قانون کو پوری دنیا سراہتی ہے،مقدمات کے فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر کا خمیازہ کئی نسلیں بھگتی ہیں۔وہ گزشتہ روزوزارت قانون میں بار ایسوسی ایشنز میں چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بھی خطاب کیا جبکہ وزیر مملکت علی محمد خان، پارلیمانی سیکرٹری قانونی ملیکہ بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر قانون سید فروغ نسیم نے خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی بار سمیت دیگر بار ایسوسی ایشنز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہا جا رہا ہے کہ عمران خان کا نیا پاکستان کہاں ہے تو اس کی واضح مثال دن رات کام کرنے والے علی محمد خان، فرخ حبیب ، ملیکہ بخاری اور دیگر نوجوان ٹیم ہے، یہ نئے پاکستان کا ایک چھوٹا سا ٹریلر ہے۔یہ باصلاحیت اور پڑھے لکھے لوگ نیا پاکستان ہیں جو پاکستان کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قانون کے دروازے بار کونسلز سمیت ہر ایک کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، یہاں کسی قسم کی کوئی تفریق نہیں، کسی سیاسی جماعت سے وابستگی ، کوئی زبان بولنے والے کی تفریق نہیں، صرف پاکستانی ہونے کی شرط ہے اور یہ بھی کہ وہ کسی غلط کام میں ملوث نہ ہوں۔ رنگ ، نسل، زبان اور مذہب کا اس سے کوئی تعلق نہیں، نہ قائداعظم نہ عمران خان اور نہ ہی آئین کیلئے یہ متعلقہ ہے۔

تازہ ترین