وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمارے اور بھارت کے درمیان ماحول اچھا نہیں، سرحد پر ہمیشہ کچھ نہ کچھ ہوتا رہتا ہے۔
ایک بیان میں وزیر دفاع نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے بہت کوشش کی لیکن بھارت کی نیت خراب ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارڈر پر ہمیشہ کچھ نہ کچھ ہوتا رہتا ہے، ہم بھارت سے لڑائی نہیں کرنا چاہ رہے، صرف کشمیر کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا یہ چیزیں ہوتی رہیں گی، ہمارا دفاع مضبوط ہے، ہمارے جوان دین اور ملک کے لیے لڑتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ امریکا کو اڈے نہ دینا کا موقف انشاء اللّٰہ برقرار ہے گا، ہمارا اپنا ملک ہے ہم کسی کے غلام نہیں ہیں۔
پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ ہم جو فیصلے کریں گے وہ خود کریں گے، بیرونی و اندورنی خطرات والی اس وقت کوئی ایسی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پر اپوزیشن کا کوئی پریشر نہیں، حزب اختلاف سے معاہد ہ ہے کہ اسمبلی کو اسمبلی کے طور پر چلانا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ آپ نے دیکھا ہے بڑے اچھے انداز میں اسمبلی چلی، آگے بھی ایسے ہی ہوگا، انشاء اللّٰہ بجٹ پاس ہو گا، اتفاق رائے سے ہوگا۔