اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق تجاویز فراڈ پلان ہے‘حزب اختلاف آئین کے ساتھ کھلواڑ نہ کرے‘شہباز شریف ہمیشہ پتلی گلی اختیار کرنا چاہتے ہیں‘ہمیں آئین اور قانون کی بالادستی کا درس دینے والے خود اعلی عدلیہ کے فیصلوں کو نہیں مانتے ، جس عدالت نے نواز شریف کو طبی بنیادوں پر 8ہفتے کی ضمانت دی اسی عدالت نے ان کی اپیلیں مسترد اورسزائیں بحال کردی ہیں ، نواز شریف کو واپس لانے کی گارنٹی پوری نہ کرنے پرشہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔میاں صاحب خودکوقانون کے سامنے سرینڈر کریں ‘نواز شریف لندن میں بیٹھ کر عدالتی مفرور بن کر الطاف حسین بن سکتے ہیں لیکن نیلسن مینڈیلا نہیں ‘ اب فیصلہ ان کا ہے کہ الطاف حسین بننا ہے یا پاکستان واپس آکر عدالتوں کا سامنا کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکو مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔فرخ حبیب نے کہا کہ آئین اور قانون کی حاکمیت کا درس دینے والوں میں تضاد موجود ہے ‘کیلبری فونٹ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ اور قطری خط کے علاوہ ان کے پاس کچھ نہیں ہے، نواز شریف جن محلات میں زندگی بسر کر رہے ہیں اس کا ریکارڈ ہی نہیں ہے ۔شہبازشریف ایوان میں گھنٹوں کھڑے ہو کرنصیحت کرتے اور خود میاں فصیحت ہیں ۔پورے خاندان کی جدوجہد چاہے پائوں پکڑنے یا مزاحمت سے مفاہمت کی طرف ہو ،سارا سفر چوری پرمک مکا کے لئے ہے، ان کو پاکستان کے عوام ، اصلاحات، شفاف الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔