• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمیوں کا پھل جامن کھانا کیوں ضروری ہے؟

جامن کا شمار موسم گرما کے انتہائی مفید پھلوں میں کیا جاتا ہے، یہ ایک خوش رنگ چھوٹا سا پھل ہے اور اس کے استعمال کے بے شمار فوائد ہیں۔

غذائی ماہرین کی جانب سے گرمی میں مریضوں کو موسمی پھل جامن کھانے کا خاص مشورہ دیا جاتا ہے، ماہرین جڑی بوٹیوں کے مطابق صرف جامن ہی نہیں بلکہ جامن کی گھٹلیاں اور پتے بھی بہت فائدہ مند ہیں، اکثر لوگ جامن کی گھٹلیاں رکھ لیتے ہیں تاکہ ضرورت کے وقت انہیں استعمال کیا جا سکے۔

جامن میں کیلشیم، پوٹاشیم، آئرن، سوڈیم، وٹامن سی،  وٹامن بی، کاربوہائیڈریٹ، پروٹین، فاسفورس، فولک ایسڈ اور پانی جیسے دیگر اہم غذائی اجزا موجود ہیں جو انسانی جسم کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ 

جامن کے کئی مختلف نام ہیں، اسے بنگالی میں کالا جام اور سندھی میں جموں کہا جاتا ہے جبکہ اس کے دیگر ناموں میں راجامان، جمبولن اور بلیک بیری وغیرہ شامل ہیں۔

جامن کے استعمال سے صحت پر حاصل ہونے والے متعدد فواد مندرجہ ذیل ہیں:

مختلف اور متعدد بیماریوں سے بچاؤ

جامن کی خاصیت ہے کہ یہ انسانی جسم میں موجود مختلف اقسام کی بیماریوں کو دور کرتا ہےجس میں معدے کی بیماریاں، آنتوں کی جلن، خراش، بلڈ پریشر کی سطح کو نارمل رکھنا، شوگر کنٹرول کرنا اور کھانا ہضم کرنا وغیرہ شامل ہے۔

جانئے جامن کے استعمال کے صحت پر ایسے فوائد جو آپ کو جامن کھانے پر مجبور کر دیں گے:

ہیموگلوبن، خون میں اضافے کا سبب 

جامن میں موجود وٹامن سی اور آئرن کی کثیر مقدار ہیموگلوبن کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ہیموگلوبن خون میں آکسیجن کو ملاتا ہے جس سے خون کا رنگ سرخ ہوجاتا ہے پھر اسے جسم کے تمام حصوں تک پہنچنے میں مدد کرتا ہے، جس سے چہرہ صاف اور کھلا کھلا شاداب نظر آتا ہے۔

جامن کا استعمال خون کو صاف کرتا ہے

جامن میں موجود آئرن خون کو صاف کرنے کا کام بھی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ جسم میں آئرن کی کمی کو دور کرنے کے لیے جامن کا استعمال ضروری ہے۔

دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مفید

جامن انسان کو دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے کیونکہ اس میں پوٹاشیم بڑی مقداد میں پایا جاتا ہے۔ 100 گرام جامن میں 55 ملی گرام پوٹاشیم موجود ہوتا ہے جو دل کی بیماریوں، ہائی بلڈ پریشر اور اسٹروک وغیرہ سے محفوظ رکھتا ہے۔ 

جامن کا باقائدگی سے استعمال شریانوں کو سخت اور تنگ ہونے سے روکتا ہے۔

ذیابیطس کے لیے مفید

ذیابیطس کے مریضوں کے لیے جامن کا استعمال نہایت ضروری ہے، جامن خون میں شوگر کی مقدار بڑھنے سے روکتا ہے، غذائی ماہرین کی جانب سے شوگر کے مریضوں کو روزانہ جامن کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ 

اس کے علاوہ جامن کے پتے بھی ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بے حد مفید ہیں۔

گرمی سے نجات

موسم گرما کے پھل جامن کی تاثیر ٹھنڈی ہے اور اسی لیے یہ کھانے کو با آسانی ہضم کرتا ہے، اس کے علاوہ یہ شدید گرمی میں ٹھنڈک کا کام بھی کرتا ہے۔ 

جامن کے اندر پیاس کی شدت کم کرنے اور خون کی گرمی کو دور کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

دانتوں کو مضبوط کرنا

وٹامن سی اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات کا حامل جامن دانتوں کے لیے بے حد مفید ہے۔ 

جامن کا شربت پینے یا اس کا رس دانتوں پر لگانے سے دانت سے متعلقہ تمام مسائل کو دور کیا جاسکتا ہے۔

وزن میں کمی کا سبب 

جامن میں موجود فائبر بہت دیر تک بھوک نہیں لگنے دیتا، جامن وزن کو بڑھنے سے روکتا ہے اور اسے کنٹرول میں بھی رکھتا ہے، گرمیوں میں وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے جامن بہترین آپشن ہے۔

تازہ ترین