• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طبی ماہرین کی جانب سے متعدد بیماریوں سے بچاؤ اور دائمی صحت کے لیے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے، قدرت نے چند سبزیوں میں کچھ ایسی خصوصیات رکھی ہیں کہ جنہیں نظر انداز کرنا انسان کے لیے نقصان دہ جبکہ ان کے استعمال سے مجموعی صحت پر بے شمار طبی فوائد اور مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

طبی و غذائی ماہرین کی جانب سے  ہمیشہ سے ہرے رنگ اور پتوں والی سبزیوں کے استعمال پر زور دیا جاتا ہے، بند گوبھی کا شمار بھی ایسی ہی سبزیوں میں ہوتا ہے جس کے استعمال سے متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں اور کئی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔

بند گوبھی کی افادیت پر کی جانے والی تحقیق کے مطابق بند گوبھی میں سَلفر، بنیادی وٹامنز اور منرلز کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے جو کہ نہ صرف بیماریوں سے بچاؤ ممکن بناتی ہے بلکہ جسمانی قوت کے لیے بھی نہایت موزوں ہے۔

بند گوبھی غذائی اجزا سے بھر پور ہوتی ہے، اس میں کیلوریز کی مقدار بہت کم جبکہ پروٹین، فائبر، وٹامن کے، وٹامن سی، فولیٹ، وٹامن بی، کیلشیم اور پوٹاشیم کی مقدار بہت زیادہ مقدار میں پائی جاتی ہے، اس میں طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ بھی پائے جاتے ہیں جو کہ انسانی صحت کے لیے ناگزیر قرار دیئے جاتے ہیں، یہ کم کیلوری اور صفر کولیسٹرول ہونے کے سبب دل کی حفاظت کے لیے بہترین سبزی ہے۔

بند گوبھی پکا کر کھانے کے بجائے زیادہ تر بطور سلاد استعمال کی جاتی ہے اور یہی اس کے استعمال کا صحیح طریقہ بھی ہے ، بند گو بھی سے بنا رائتہ بھی نہایت شوق سے کھایا جاتا ہے، بند گوبھی سے صحت پر حاصل ہونے والے بے شمار طبی فوائد میں سے چند مندرجہ ذیل درج ہیں:

کینسرسے بچاؤ میں معاون

ذائقے میں  میٹھی اور تہہ در تہہ پتوں پر مشتمل بند گوبھی کے باقاعدہ استعمال سے کینسر سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے، اس میں شامل لیوپیول، سنگرین اور سلفر جیسے اجزاء کینسر کا سبب بننے والے ٹیومر کی نشونما کو روک دیتے ہیں، تحقیق کے مطابق چھاتی کے کینسر کا شکار خواتین کی خوراک میں بند گوبھی کا خصوصاً استعمال کرنا سود مند ثابت ہوتا ہے۔

وزن میں کمی کا سبب

بند گوبھی ڈائیٹنگ کرنے والے افراد کے لیے نہایت مفید غذا ہے، یہ بغیر کولیسٹرول اور کم کیلوریز کے سبب وزن گھٹانے میں مدد فراہم کرتی ہے، ایک کپ پکی ہوئی بند گوبھی میں صرف 33 کیلوریز جبکہ کچی بند گوبھی میں اس سے بھی کم کیلوریز پائی جاتی ہیں، اس سبزی میں چکنائی کی مقدار انتہائی کم جبکہ فائبر کی مقدار اچھی خاصی پائی جاتی ہے جو کہ وزن گھٹانے کے لیے مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

دماغی نشونما کے لیے بہترین غذا

بند گوبھی میں وٹامن کے اور اینتھوکینین نامی جز پایا جاتا ہے جو ذہنی صحت اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاونت فراہم کرتا ہے، بند گوبھی اعصابی نظام کو تھکنے اور تباہ ہونے سے بچانے کے علاوہ الزائمر کے خلاف قوت مدافعت بڑھاتی ہے۔

صحت مند جِلد کی ضامن

بند گوبھی میں سلفر بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے، بند گوبھی کا استعمال چکنی جلد سے اضافی چکناہٹ اور دانوں کو ختم کر دیتا ہے، سلفر بالوں، ناخنوں اور جلد کی صحت کے لیے بھی نہایت مفید قرار دیا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق بند گوبھی میں موجود وٹامن سی اور سلفر یورک ایسڈ سے بھی بچاتا ہے۔

بلڈپریشر متوازن سطح پر رکھتی ہے

بند گوبھی کا استعمال ہائی بلڈ پریشر کو متوازن سطح پر رکھتا ہے، اکثر اوقات طبی ماہرین کی جانب سے ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کو بند گوبھی بطور سلاد کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

قبض سے نجات

بند گوبھی کا استعمال اس میں موجود بڑی مقدار میں فائبر اور پانی کے سبب  قبض سے نجات اور نظام ہاضمہ کو صحت مند بناتا ہے۔

صحت سے مزید