• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن لیڈر کی عدم موجودگی پر بلاول کا بیان بچگانہ ہے: احسن اقبال


مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی عدم موجودگی سے متعلق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو بچگانہ قرار دے دیا، کہا کہ شہبازشریف اپنے بہنوئی کے انتقال کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

مسلم لیگ نون کے رکنِ قومی اسمبلی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان ان کی عمر کے حساب سے تو ٹھیک ہے، مگر ایک پارٹی کے سربراہ کے حساب سے ٹھیک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام ہوتا ہے کہ حکومتی بجٹ کے نقائص کی نشاندہی کرے۔

نون لیگ کے رکنِ قومی اسمبلی نے کہا کہ مہنگائی میں سب سے اہم کردار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا ہوتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن کی نشاندہی پر ساڑھے 3 سو ارب کے ٹیکس واپس لیے گئے، یہ بازی گر قوم کو مزید دھوکا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے سب اداروں کے ساتھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو بھی تباہ کر دیا ہے۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ کو اس لیے ہٹایا گیا کہ وہ حکومت کی کرپشن کو روک رہے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس حکومت نے سب منصوبوں کو سفید ہاتھی بنا دیا ہے، تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت کو بجٹ میں اتنے یوٹرن لینے پڑے ہیں۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اپوزیشن جو کرسکتی ہم نے کیا، ہم نے حکومت کو مجبور کیا کہ ٹیکس واپس لیا جائے، ہمارے پاس عددی اکثریت نہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حکومت نے پی آئی اے اور ریلوے سمیت سب کچھ تباہ کر دیا ہے، پی ڈی ایم 5 جولائی کو عوامی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔

تازہ ترین