لاہور (نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے گزشتہ روز ایف آئی اے لاہور میں پیش ہو کر تحریری جواب جمع کرا دیا، ایف آئی اے کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر صاحب وقت سدا ایک سا نہیں رہتا،تمام سوالوں کے جواب دے چکا، مزید تفتیش کی گنجائش نہیں،نیب کے کیس میں 22 ماہ پابند سلاسل رہا، ایک دھیلے کی کرپشن یا منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہو سکی، ایف آئی اے نے پچھلی پیشی پر میرے متعلق جھوٹا بیان ٹی وی چینل پر چلوایا، ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے 17 دسمبر 2020 کو مجھ سے کوٹ لکھپت جیل میں تفتیش کی، جو سوالات کئے گئے ان کے تفصیلی جوابات دیئے ، ایف آئی اے کو مزید تفتیش کرنے کا خیال 6 ماہ بعد کیوں آیا؟ضمانت کے بعد ایف آئی اے نے نیب ریفرنس کے الزامات پر ہی کیوں تفتیش شروع کر دی۔